سمندر میں ملازمت کرنے والوں پر نماز جمعہ اور عیدین؟


سمندر میں ملازمت کرنے والوں پر نماز جمعہ اور عیدین؟
سوال
میرا بھتیجا دمام میں ایک پٹرول نکالنے والی کمپنی میں ملازم ہے ، اس کو مسلسل ۵۶ دن شہر اور آبادی سے دورسمندر میں گزارنے پڑتے ہیں ، اس کے دو چار ساتھی مسلمان ہیں ،بقیہ سب کے سب غیر مسلم ہیں،  عام نمازیں وہ لوگ بغیر جماعت کے جب موقع ہوتا ہے پڑھ لیتے ہیں، لیکن یہ بتائیں کہ وہ جمعہ اور عید کی نماز کس طرح ادا کریں ، واضح رہے کہ وہ ان ایام میں جمعہ یا عیدپڑھنے کے لئے سمندر سے باہرخشکی اور آبادی کے علاقہ میں نہیں آسکتے۔
جواب
حامدا ومصلیا اما بعد ۔ نماز جمعہ اور نماز عیدین شہر کے باشندگان پر واجب ہے ،شہر اور اس کے مضافات سے دور رہنے والوں پر جمعہ اور عیدین واجب نہیں ہیں،  نبی اکرم ﷺ کا ارشاد گرامی ہے : لا جمعة ولا تشريق ولا فطر ولا أضحى إلا في مصر جامع (نصب الرایۃ:۲؍۱۹۵) اس لئے صورت مسئولہ میں ان پر جمعہ اور عیدین واجب نہیں ہیں ، البتہ جمعہ کے دن جمعہ کے بجائے ان پر ظہر پڑھنا فرض ہے ، عیدین کے دن نماز عیدین کے بدلے کچھ بھی فرض نہیں ہے ۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم